3 مرتبہ ایشیئن پیرا گیمز کے بھارتی گولڈ میڈلسٹ نیرج یادیو کی لاش گھر سے ملی
ابتدائی طور پر واقعے کو خودکشی قرار دیا جا رہا ہے، تاہم موت کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آئی، بھارتی میڈیا
فائل فوٹو
نئی دہلی: 3 مرتبہ ایشین پیرا گیمز کے گولڈ میڈلسٹ 42 سالہ پیرا ایتھلیٹ نیرج یادیو نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائے گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے کو خودکشی قرار دیا جا رہا ہے، تاہم موت کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔
بھارتی پیرا ایتھلیٹکس کے کوچ ایس ستیہ نارائن نے نیرج یادیو کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس خبر پر صدمے میں ہیں۔ اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے نیرج یادیو 7 سال کی عمر میں پولیو کے باعث جسمانی معذوری کا شکار ہوئے تھے۔ وہ پیرا ایتھلیٹکس کی ایف 55 کیٹیگری میں نیزہ پھینکنے اور ڈسکس تھرو کے مقابلوں میں حصہ لیتے تھے۔
نیرج یادیو نے 2018 میں جکارتہ اور 2022 میں ہانگژو ایشیئن پیرا گیمز میں نیزہ پھینکنے کے مقابلوں میں طلائی تمغے جیتے، جبکہ ہانگژو میں ڈسکس تھرو میں بھی گولڈ میڈل حاصل کیا۔ وہ 2005 سے 2012 تک وہیل چیئر ٹینس کھیلتے رہے جس کے بعد پیرا ایتھلیٹکس سے وابستہ ہوگئے۔