عمران خان کے لیے اچھے دن نظر نہیں آ رہے، منظور وسان کی نئی پیشگوئی
توقع نہیں تھی کہ عمران خان اور ان کی جماعت اتنی جلدی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کا اعلان کردیں گے۔
عمران خان کے لیے اچھے دن نظر نہیں آ رہے، منظور وسان کی نئی پیشگوئی
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی حالات میں انہیں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے لیے اچھے دن دکھائی نہیں دے رہے۔
پارٹی رہنماؤں اور دیگر افراد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ انہیں توقع نہیں تھی کہ عمران خان اور ان کی جماعت اتنی جلدی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کا اعلان کردیں گے۔
منظور وسان کا کہنا تھا کہ سندھ کی اپنی تاریخ اور الگ شناخت ہے، اسے دیگر صوبوں کے تناظر میں یکساں طور پر نہیں دیکھا جا سکتا۔ ان کے مطابق سندھ کے عوام اور صوبائی اسمبلی نئے صوبوں کے قیام کی تجویز مسترد کرچکے ہیں، جبکہ صوبوں کے نام تبدیل کرنا ملک کے مفاد میں نہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے گورنر کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے، تاہم گورنر راج نافذ کرنے کا فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف نے کیا۔
منظور وسان نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی ممکنہ احتجاجی تحریک سے متعلق بھی اظہار خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں فی الحال جے یو آئی کی جانب سے احتجاجی تحریک شروع ہوتی دکھائی نہیں دے رہی۔ اگر جماعت نے احتجاج کرنا ہوتا تو اب تک کرچکی ہوتی۔