دیر کالونی اسکول حادثہ، انکوائری رپورٹ گورنرخیبرپختونخوا کو پیش

اسکول کی عمارت کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کرنے پر اسکول کے مالک کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

October 29, 2026 · قومی
دیر کالونی اسکول حادثہ، انکوائری رپورٹ گورنرخیبرپختونخوا کو پیش

دیر کالونی اسکول حادثہ، انکوائری رپورٹ گورنرخیبرپختونخوا کو پیش

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو دیر کالونی اسکول حادثے کی انکوائری رپورٹ پیش کردی گئی، جس میں اسکول کی عمارت کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کرنے پر اسکول کے مالک کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت انکوائری رپورٹ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر تعلیم عامر عبداللہ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم عرفان، سیکرٹری تعلیم عنایت اللہ وسیم اور انکوائری کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران انکوائری کمیٹی نے حادثے کی وجوہات، متعلقہ افسران کے بیانات، مختلف محکموں کی ذمہ داریوں، تحقیقات کے نتائج اور سفارشات پر گورنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔

رپورٹ میں اسکول کی عمارت کی تعمیر میں ناقص میٹریل کے استعمال کے حوالے سے اسکول کے مالک کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ متعلقہ محکموں کی جانب سے مبینہ غفلت کے پہلوؤں سے بھی گورنر کو آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ انکوائری رپورٹ کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے محکمہ قانون سے مشاورت کی جائے اور اسکول حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔