عمان کے ساحل کے قریب جہاز میں آگ لگ گئی
جہاز عمان کے ساحلی علاقے خصب سے تقریباً 9 ناٹیکل میل، یعنی 17 کلومیٹر شمال میں موجود تھا۔
عمان کے ساحل کے قریب جہاز میں آگ لگ گئی
آبنائے ہرمز میں عمان کے ساحلی علاقے کے قریب ایک جہاز میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے، تاہم واقعے کی وجہ اور ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں فوری طور پر تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانوی بحری سکیورٹی ایجنسی یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) کو ایک دوسرے جہاز کے کپتان کی جانب سے آگ لگنے کی اطلاع دی گئی۔
ایجنسی کے مطابق متاثرہ جہاز عمان کے ساحلی علاقے خصب سے تقریباً 9 ناٹیکل میل، یعنی 17 کلومیٹر شمال میں موجود تھا۔ ابتدائی اطلاع میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آگ کس وجہ سے لگی، جہاز کو کتنا نقصان پہنچا یا کوئی شخص زخمی ہوا ہے یا نہیں۔
آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے ایک اہم بحری گزرگاہ ہے، جہاں سے دنیا کے بڑے حصے کی خام تیل اور قدرتی گیس کی ترسیل ہوتی ہے۔ اس راستے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی توانائی کی منڈیوں اور تیل کی فراہمی کو متاثر کر سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے بعد آبنائے ہرمز کی سکیورٹی صورتحال مزید اہم ہوگئی ہے۔ اس گزرگاہ سے گزرنے والے جہازوں کو درپیش خطرات اور تیل کی ترسیل میں ممکنہ رکاوٹوں کے باعث عالمی منڈیوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
واقعے کی مزید تفصیلات اور جہاز کو پہنچنے والے نقصان سے متعلق معلومات کا انتظار ہے۔