بھارتی جیلوں سے 12 پاکستانی ماہی گیر رہا، ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے
رہائی پانے والے ماہی گیروں نے بھارتی جیلوں میں 8 سے 9 سال تک قید کاٹی
بھارتی جیلوں سے 12 پاکستانی ماہی گیر رہا، ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے
بھارتی جیلوں میں طویل عرصے تک قید رہنے کے بعد رہائی پانے والے 12 پاکستانی ماہی گیروں کو رینجرز حکام نے ایدھی فاؤنڈیشن لاہور کے حوالے کر دیا، جہاں سے انہیں ضروری سہولیات فراہم کرنے کے بعد کراچی روانہ کر دیا گیا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق رہائی پانے والے ماہی گیروں نے بھارتی جیلوں میں 8 سے 9 سال تک قید کاٹی۔ انہیں سمندری حدود کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کرکے جیلوں میں رکھا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق رہائی پانے والے پاکستانی ماہی گیروں میں محبوب علی، نورالامین، بشیر جاوید، سید غلام مرتضیٰ، کریم، اعظم الدین، نور نبی، امیر حسین بنگالی، کمال حسین شاہ، شریف، احمد نور اور عبدالرحمن شامل ہیں۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے بتایا کہ چیئرمین فیصل ایدھی کی ہدایات پر تمام ماہی گیروں کو خصوصی گاڑیوں کے ذریعے لاہور سے کراچی روانہ کیا گیا ہے۔
فاؤنڈیشن کی جانب سے ماہی گیروں کو سفر کے اخراجات، کھانے پینے اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی گئیں تاکہ وہ بحفاظت اپنے گھروں تک پہنچ سکیں۔