انڈر 19 ایشیا کپ کے لیے پاکستانی ٹیم عمان پہنچ گئی
فرحان یوسف کی قیادت میں قومی اسکواڈ ٹورنامنٹ میں اپنی کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا۔
انڈر 19 ایشیا کپ کے لیے پاکستانی ٹیم عمان پہنچ گئی
عمان: اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ میں شرکت کے لیے پاکستان کی جونیئر کرکٹ ٹیم عمان پہنچ گئی ہے، جہاں قومی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم آج صبح کراچی سے عمان روانہ ہوئی تھی۔ فرحان یوسف کی قیادت میں قومی اسکواڈ ٹورنامنٹ میں اپنی کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا۔
گروپ اے میں شامل پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 6 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گی۔ قومی ٹیم کا دوسرا مقابلہ 8 نومبر کو روایتی حریف بھارت سے ہوگا، جبکہ گروپ مرحلے کا آخری میچ 10 نومبر کو نیپال کے خلاف شیڈول ہے۔
ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مقابلے 12 نومبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ فیصلہ کن فائنل 14 نومبر کو ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں بھارت کو 191 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا۔ اب قومی ٹیم ایک بار پھر ایشیائی چیمپئن بننے اور اپنے اعزاز کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔