جعلسازی کے ذریعے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول پر چار افغان باشندے گرفتار
ایف آئی اے پشاور کی کارروائی، پاکستانی شناختی دستاویزات کے مبینہ غیر قانونی حصول کا انکشاف
فائل فوٹو
ایف آئی اے پشاور زون نے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں مبینہ فراڈ کے الزام میں چار افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی اے پشاور زون کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ افغان باشندے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ غیر قانونی طریقے سے حاصل کرنے کے لیے ایجنٹوں کے ذریعے اسپن غر ہاسٹل، شاہین ٹاؤن پشاور میں مقیم ہیں۔
اطلاع ملنے پر ایف آئی اے، اے ایچ ٹی سی پشاور کی ٹیم نے مذکورہ مقام پر چھاپہ مار کر چار افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت صدیق اللہ، رحمت اللہ، عبداللہ اور ناصر کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق افغانستان سے ہے۔
ملزمان کے قبضے سے ان کی تصاویر والے پاکستانی قومی شناختی کارڈز کی نقول برآمد کرکے قبضے میں لے لی گئیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے مبینہ طور پر طلعت عرف پیر نامی ایجنٹ کی مدد سے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کیے تھے، جبکہ ملزمان پاکستانی ویزا بھی پیش نہ کر سکے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف ایف آئی اے، اے ایچ ٹی سی پشاور میں مقدمہ نمبر 208/2026 درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 419، 420، 468، 471 اور 109، جبکہ فارنرز ایکٹ 1946 کی دفعہ 14 کے تحت درج کیا گیا ہے۔