یوکرین کے ریلوے اسٹیشن پر ڈرون حملے میں13 افراد ہلاک، 10 زخمی

ڈنیپرو میں زاپوریزیا جانے والی مسافر ٹرین کے پلیٹ فارم کو نشانہ بنایا گیا، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

October 29, 2026 · بام دنیا

یوکرین کے شہر ڈنیپرو کے ریلوے اسٹیشن پر روسی ڈرون حملے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

یوکرین کے شہر ڈنیپرو میں ریلوے اسٹیشن پر روسی ڈرون حملے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے، جبکہ 3 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے سرکاری ریلوے کے مطابق صبح کے وقت جیٹ انجن سے چلنے والے ڈرون نے ریلوے اسٹیشن کے اس پلیٹ فارم کو نشانہ بنایا جہاں زاپوریزیا جانے والی مسافر ٹرین کھڑی تھی۔

یوکرینی ریلوے حکام کی جانب سے حملے سے قبل خطرے کی سطح بڑھنے کا انتباہ بھی جاری کیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود پلیٹ فارم پر مسافر موجود رہے اور جانی نقصان زیادہ ہوا۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے حملے کو ہولناک قرار دیتے ہوئے امریکا، یورپی ممالک اور صنعتی ممالک کے گروپ جی سیون (G7) سے روس کے خلاف مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے روسی توانائی کے شعبے اور بعض روسی ارب پتیوں پر پابندیوں میں نرمی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ روس کی جانب سے حملوں میں اضافے کے پیش نظر ماسکو اور اس کی جنگی مشینری پر دباؤ بڑھانا ضروری ہے۔

ڈنیپرو کے میئر بوریس فلاتوف نے بھی اس واقعے کو شہر کے لیے بڑا سانحہ قرار دیا۔
یوکرینی ریلوے حکام کے مطابق رواں سال روسی حملوں میں ریلوے اسٹیشنوں، انجنوں اور مسافر ڈبوں سمیت 1700 سے زیادہ ریلوے تنصیبات کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔