مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کے مبینہ محاصرے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کے باہر تقریباً تین ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جس کے باعث انہیں گھر تک محدود کر دیا گیا ہے۔درخواست گزار

November 24, 2026 · قومی
مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کے مبینہ محاصرے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کے مبینہ محاصرے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی لاہور میں رہائش گاہ کے مبینہ محاصرے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔

درخواست جے یو آئی (ف) کے وکیل ایڈووکیٹ ابرار حسین کی جانب سے دائر کی گئی، تاہم تاحال اس کی سماعت کے لیے تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کے باہر تقریباً تین ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جس کے باعث انہیں گھر تک محدود کر دیا گیا ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے مولانا فضل الرحمٰن کو گھر میں محدود رکھنے یا ان کی نقل و حرکت روکنے کے قانونی حکم کی نقل طلب کی گئی، لیکن متعلقہ حکام نے کوئی دستاویز فراہم نہیں کی۔ درخواست گزار کے مطابق انہیں مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پولیس کو مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کا مبینہ محاصرہ ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔

دوسری جانب جے یو آئی (ف) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن پیر کی شب لاہور پہنچے تھے اور انہیں لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر وکلا سے خطاب کرنا تھا۔

پارٹی کے مطابق مولانا کی رہائش گاہ کے باہر پولیس اہلکار تعینات کرکے انہیں گھر سے باہر نکلنے سے روک دیا گیا ہے۔