مولانا فضل الرحمٰن مشکل وقت میں ن لیگ کے ساتھ کھڑے ہوئے،رانا ثناء اللہ
سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات اور تلخ کلامی ہوتی رہتی ہے، تاہم اس معاملے پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں
مولانا فضل الرحمٰن مشکل وقت میں ن لیگ کے ساتھ کھڑے ہوئے،رانا ثناء اللہ
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن مشکل وقت میں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں اور دونوں جماعتوں کے درمیان اختلافات دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات اور تلخ کلامی ہوتی رہتی ہے، تاہم اس معاملے پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی کوشش ہوگی کہ بیان بازی میں تلخی کو روکا جائے۔
انہوں نے کہا کہ 28ویں آئینی ترمیم کا مسودہ تاحال حتمی شکل اختیار نہیں کر سکا۔ جب یہ ترمیم پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی تو اس پر تفصیلی بحث ہوگی۔
رانا ثناء اللہ نے ایک روز قبل بھی مولانا فضل الرحمٰن کو سینئر اور تجربہ کار سیاستدان قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے دور میں ان کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کی اچھی یادیں وابستہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے ریاست اور شہداء کے حوالے سے سخت بیانات سامنے آئے، جس کے جواب میں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے بھی ردعمل دیا گیا۔ تاہم اب بھی کوشش ہے کہ مولانا کے ساتھ بیٹھ کر اختلافات ختم کیے جائیں۔