لاہور ہائیکورٹ کی نورین نیازی کی بیماری سے متعلق درخواست دائر کرنے کی ہدایت

جسٹس عبہر گل خان نے سکینہ نیازی کی جانب سے وکیل رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست پر سماعت کی

October 30, 2026 · قومی
لاہور ہائیکورٹ کی نورین نیازی کی بیماری سے متعلق درخواست دائر کرنے کی ہدایت

لاہور ہائیکورٹ کی نورین نیازی کی بیماری سے متعلق درخواست دائر کرنے کی ہدایت

لاہور ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظر بندی میں توسیع کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران نورین نیازی کی بیماری سے متعلق الگ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی۔

جسٹس عبہر گل خان نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ نورین نیازی کی بیماری سے متعلق عدالت میں درخواست دائر نہیں کی گئی۔ اس موقع پر وکیل سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ نورین نیازی شدید بیمار ہیں اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں زیر علاج ہیں، تاہم ان کے اہل خانہ کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

عدالت نے سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ کو ہدایت کی کہ نورین نیازی کے طبی معائنے اور بیماری سے متعلق درخواست دائر کریں۔

جسٹس عبہر گل خان نے سکینہ نیازی کی جانب سے وکیل رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں ہوم سیکرٹری، ڈپٹی کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار کے مؤقف کے مطابق تینوں خواتین کی 30 روزہ نظر بندی مکمل ہونے کے بعد 7 اکتوبر کو ڈپٹی کمشنر نے نظر بندی میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جو غیر قانونی ہے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو ان کے اہل خانہ اور وکلا سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ 7 اکتوبر کو جاری کیا گیا نظر بندی میں توسیع کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دیا جائے۔