بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر نیپرا کا فیصلہ محفوظ

کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر 32 ارب 66 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔

October 30, 2026 · قومی
بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر نیپرا کا فیصلہ محفوظ

بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر نیپرا کا فیصلہ محفوظ

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ستمبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

درخواست منظور ہونے کی صورت میں کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر 32 ارب 66 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔

سماعت کے دوران سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کے حکام نے بتایا کہ ستمبر میں بجلی کی اوسط فیول لاگت 10 روپے 2 پیسے فی یونٹ رہی، جبکہ اس لاگت کا تخمینہ 7 روپے 46 پیسے فی یونٹ لگایا گیا تھا۔

حکام کے مطابق ستمبر کے دوران بجلی کی پیداوار پر مجموعی طور پر 127 ارب 87 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار پر 7 ارب 95 کروڑ، درآمدی کوئلے پر 37 ارب 14 کروڑ، ڈیزل پر 13 ارب 26 کروڑ، فرنس آئل پر 11 ارب 81 کروڑ اور مقامی گیس پر 13 ارب 89 کروڑ روپے لاگت آئی۔

ایل این جی سے بجلی پیدا کرنے پر 31 ارب 93 کروڑ روپے خرچ ہوئے، جبکہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے مجموعی طور پر 12 ارب 76 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی۔

پاور ڈویژن کے مطابق ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 5 سے 6 روپے فی یونٹ تک پہنچنے کا خدشہ تھا، تاہم دو گھنٹے کی لوڈ مینجمنٹ سمیت مختلف اقدامات کے ذریعے اضافے کو 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھا گیا۔

واضح رہے کہ سی پی پی اے نے ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست جمع کرائی تھی، جس پر نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔