ایک روپے کی کرپشن ثابت ہوئی تو عہدہ چھوڑ دوں گی،مریم نواز
ایسے ماحول میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا مشکل ہے جہاں روزانہ احتجاج اور توڑ پھوڑ ہو
ایک روپے کی کرپشن ثابت ہوئی تو عہدہ چھوڑ دوں گی،مریم نواز
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بدعنوانی کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے خلاف ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت ہوگئی تو وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گی۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایسے ماحول میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا مشکل ہے جہاں روزانہ احتجاج اور توڑ پھوڑ ہو۔ سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لیے سب سے پہلے امن و امان اور محفوظ ماحول یقینی بنانا ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے میں کرپشن کے خاتمے کے لیے بھرپور مہم جاری ہے اور رشوت لینے والے سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں ملازمت سے برطرف کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق بدعنوانی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ قومی معیشت میں پنجاب کا نمایاں حصہ ہے اور صوبے میں مختلف شعبوں میں تبدیلی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 25، 25 سال سے قائم غیر قانونی قبضے ختم کرائے گئے جبکہ تجاوزات ہٹانے کے بعد بازاروں کو کشادہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی ملک کا سب سے بڑا اثاثہ بن سکتی ہے، اس لیے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں بروئے کار لانا ضروری ہے۔