روپے کی قدر میں کمی سے قومی خزانے کو نقصان
دیامر بھاشا ڈیم 642 ارب مہنگا، داسو منصوبے کی لاگت 260 فیصد بڑھ گئی
اسلام آباد: ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی حکومت کو اربوں روپے کا ٹیکہ لگا گئی، جس کے باعث بڑے آبی منصوبوں کی تعمیراتی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوگیا۔
وزارتِ آبی وسائل نے اس حوالے سے تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردیں، جن کے مطابق دیامر بھاشا ڈیم کے منصوبے کی لاگت میں 642 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
دستاویزات کے مطابق دیامر بھاشا ڈیم کا پی سی ون 479 ارب روپے سے بڑھ کر ایک ہزار 121 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ غیر ملکی کرنسی کے تبادلے کی شرح میں تبدیلی کے باعث منصوبے کی لاگت میں اضافہ ہوا، جبکہ نیا پی سی ون وزارتِ آبی وسائل میں جمع کروا دیا گیا ہے۔
اسی طرح داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کی لاگت بھی 486 ارب روپے سے بڑھ کر ایک ہزار 740 ارب روپے تک جا پہنچی ہے۔
وزارتِ آبی وسائل کے مطابق داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کی مجموعی لاگت میں 260 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔