بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 6 افراد ہلاک

بدری ناتھ سے دہرادون جانے والا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، پائلٹ سمیت چھ افراد ہلاک ، امدادی کارروائیاں جاری

October 30, 2026 · بام دنیا

فوٹو: ہندوستان ٹائمز

نئی دہلی: بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے پہاڑی علاقے میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہیلی کاپٹر بدری ناتھ میں واقع ہندوؤں کے معروف مذہبی مقام سے دہرادون کی جانب پرواز کر رہا تھا، جس میں ایک پائلٹ اور 5 مسافر سوار تھے۔

اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے بتایا کہ ان کے دفتر کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثہ جوشی مٹھ کے علاقے میں ایک قریبی گاؤں کے مقام پر پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیمیں اور علاقے میں موجود فوجی اہلکار مشترکہ طور پر امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کے مطابق جائے وقوع پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کی حالت کے حوالے سے تاحال واضح اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کی حتمی وجوہات کا تعین نہیں ہو سکا، تاہم علاقے میں شدید بارش اور حدِ نگاہ متاثر ہونے کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
بھارتی ٹی وی چینلز کے مطابق امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کردیا گیا ہے، جہاں آگ اور دھوئیں کے بادل بھی دکھائی دے رہے ہیں۔