کنٹونمنٹ بورڈ پشاورمیں رہائشیوں کے مسائل پر کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع
وارڈ نمبر تین کے لیے انعقاد۔15 شکایات اور درخواستیں موصول
ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈز اینڈ کینٹونمنٹس ڈیپارٹمنٹ کی خصوصی ہدایات پر عوامی مسائل کے فوری حل اور شہریوں سے براہِ راست رابطے کے لیے آؤٹ ڈور ریچ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میںخادم حسین روڈ پر واقع کینٹ پبلک سکول میں کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کے زیرِ اہتمام وارڈ نمبر 3 کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
کھلی کچہری میںرہائشیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ شہریوں کی جانب سے اسٹریٹ ڈاگز، گلیوں میں موٹر سائیکلوں کی غیر قانونی پارکنگ، فوڈ اسٹریٹ کے اوقاتِ کار کے باعث ٹریفک کی روانی میں پیدا ہونے والی مشکلات، بارش کے بعد بجلی کے نظام میں پیدا ہونے والے مسائل سمیت دیگر امور سے آگاہ کیا گیا۔
کھلی کچہری کے دوران مجموعی طور پر 15 شکایات اوردرخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے بعض مسائل کو موقع پر ہی حل کر دیا گیا، دیگر شکایات کے ازالے کے لیے متعلقہ شعبہ جات کو ضروری کارروائی کی ہدایات جاری کی گئیں۔اس موقع پر میجر ارشد نے کینٹونمنٹ بورڈ پشاور کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چوہدری بابر حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو اپنے مسائل براہِ راست متعلقہ حکام تک پہنچانے کے لیے مؤثر فورم فراہم کرنا قابلِ تحسین اقدام ہے۔
شہریوں نے بھی کھلی کچہری کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک مثبت اور مؤثر اقدام قرار دیا۔
کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کی جانب سے کہا گیا کہ وارڈ نمبر 3 کے بعد وقتاً فوقتاً دیگر تمام وارڈز میں بھی کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو اپنے مسائل براہِ راست حکام کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔