راوالپنڈی ڈھوک رتہ کے مبینہ بدمعاش عدنان کی وائرل ویڈیو پر پولیس کا بیان جاری
ایڈووکیٹ صاحبہ رانا نے ایکس پر ویڈیو شیئر کرکے ملزم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا،پولیس نے ویڈیو پر وضاحت دے دی
راوالپنڈی ڈھوک رتہ کے مبینہ بدمعاش عدنان کی وائرل ویڈیو پر پولیس کا بیان جاری
راولپنڈی کے علاقے ڈھوک رتہ کے مبینہ بدمعاش عدنان بٹ عرف ٹوپہ کی وائرل ویڈیو پر پولیس کا بیان سامنے آگیا۔ ایڈووکیٹ صاحبہ رانا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ملزم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا، جس پر پولیس نے وضاحت جاری کرتے ہوئے ویڈیو کو پرانا قرار دے دیا۔
ایڈووکیٹ صاحبہ رانا نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ یہ پنڈی رتہ کا مبینہ بدمعاش عدنان بٹ عرف ٹوپہ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملزم کی والدہ اور بہن بھی مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں، جبکہ ملزم پر ایک مسیحی بچی کے قتل کا الزام بھی عائد کیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں سوال اٹھایا کہ سی سی ڈی کہاں ہے؟ ایڈووکیٹ صاحبہ رانا نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ایسے عناصر حکومت کے اچھے کاموں کو بدنام کرنے کا باعث بنتے ہیں۔
دوسری جانب راولپنڈی پولیس نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یہ پرانی ویڈیو ہے، مذکورہ ملزم کو تھانہ رتہ امرال پولیس نے گزشتہ ماہ قتل اور اغوا کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا، جو اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے۔
پولیس کے مطابق تشدد کا یہ پرانا واقعہ پولیس کو رپورٹ نہیں کیا گیا تھا۔ مذکورہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔