پاک بھارت کئی جنگیں ہوئیں، تاہم اس بار جنگ میں کوئی ابہام باقی نہیں رہا ،وزیر دفاع

یہ پاکستان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ بھارت نے خود اپنی فوج کے ذریعے اس جنگ کے نتائج تسلیم کیے۔

October 31, 2026 · اہم خبریں, قومی
پاک بھارت کئی جنگیں ہوئیں، تاہم اس بار جنگ میں کوئی ابہام باقی نہیں رہا ،وزیر دفاع

پاک بھارت کئی جنگیں ہوئیں، تاہم اس بار جنگ میں کوئی ابہام باقی نہیں رہا ،وزیر دفاع

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ماضی میں بھی کئی جنگیں ہوئیں، تاہم اس بار ہونے والی جنگ میں کوئی ابہام باقی نہیں رہا کیونکہ بھارت اور اس کی فوج نے بھی نتائج کو تسلیم کیا۔

سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ بھارت نے خود اپنی فوج کے ذریعے اس جنگ کے نتائج تسلیم کیے۔

وزیر دفاع نے اپنی سیاسی زندگی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 1991 میں سیاست کا آغاز کیا اور گزشتہ 36 برس سے ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ ان کی پہچان ہے اور شہر کے عوام کی بہتری ان کی ذمہ داری ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ انہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں کئی نشیب و فراز دیکھے، مشرف دور میں اٹک قلعے میں قید رہے اور چار مرتبہ جیل گئے۔ 2020 میں تحریک انصاف کے دور حکومت میں بھی انہیں نیب کی حراست میں چھ ماہ گزارنے پڑے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں ملک کے مفاد میں نہیں ہوتیں۔ سیاسی حکومتیں پہلے کسی کو گرفتار کرتی ہیں اور بعد میں الزامات تلاش کرتی ہیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کا مقابلہ کیا۔ ان کے مطابق فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کو سفارتی سطح پر بھی کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔

خواجہ آصف نے امریکی صدر کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ متعدد مرتبہ پاکستانی کامیابیوں اور بھارتی طیاروں کے گرائے جانے کا ذکر کر چکے ہیں۔