شاہ محمود قریشی کی ضمانت پر سماعت 7 نومبر تک ملتوی
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے درخواست پر سماعت کی
شاہ محمود قریشی کی ضمانت پر سماعت 7 نومبر تک ملتوی
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی جناح ہاؤس کے قریب پولیس گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں درخواست ضمانت پر سماعت 7 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کے وکیل رانا مدثر عمر دلائل دینے کے لیے عدالت میں پیش ہوئے، تاہم پراسیکیوشن نے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مزید مہلت طلب کرلی۔
وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ پراسیکیوشن مقدمے کا ریکارڈ پیش نہ کرکے ضمانت کی کارروائی کو طول دے رہی ہے۔ عدالت نے ریکارڈ پیش نہ کیے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو آئندہ سماعت پر مقدمے کا مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
شاہ محمود قریشی نے اس مقدمے میں جیل سے بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ یہ مقدمہ تھانہ سرور روڈ میں درج ہے، جس کا نمبر 108/23 ہے۔ مقدمے میں تحریک انصاف کے رہنماؤں پر کارکنوں کو فسادات پر اکسانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی 9 مئی کے واقعات سے متعلق دیگر چھ مقدمات میں بری ہوچکے ہیں۔ تاہم پولیس گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں ان کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ ہونا باقی ہے۔