فیک نیوز موجودہ دور کا سب سے بڑا چیلنج ہے،عطاء تارڑ
ڈیجیٹل خواندگی کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جانا چاہیے تاکہ شہری انٹرنیٹ پر موجود درست اور غلط معلومات میں فرق کرسکیں۔
فیک نیوز موجودہ دور کا سب سے بڑا چیلنج ہے،عطاء تارڑ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ غلط معلومات اور جعلی خبروں کا پھیلاؤ موجودہ دور کے بڑے چیلنجز میں شامل ہے، جن سے نمٹنے کے لیے عوام میں ڈیجیٹل آگاہی بڑھانا ضروری ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیجیٹل خواندگی کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جانا چاہیے تاکہ شہری انٹرنیٹ پر موجود درست اور غلط معلومات میں فرق کرسکیں۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کیے جانے والے مواد کی واضح نشاندہی کے لیے اس پر لیبل لگانا لازمی قرار دینا ہوگا۔ ان کے مطابق ملک کو ڈیپ فیک اور مصنوعی ذہانت سے پیدا ہونے والے نئے مسائل کا بھی سامنا ہے۔
انہوں نے نیشنل سائبر سیکیورٹی اینڈ سوشل میڈیا آگاہی کونسل قائم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ سائبر تحفظ اور سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کے حوالے سے مسلسل اقدامات کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزارت اطلاعات میں ڈیجیٹل کمیونیکیشن کا شعبہ قائم کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو بھی سوشل میڈیا کے محفوظ استعمال اور آن لائن خطرات سے بچاؤ کے طریقے سکھانا ضروری ہے۔
عطاء اللہ تارڑ کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے کام شروع کردیا ہے، جس سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو بھی معاونت ملے گی۔