مظفر گڑھ کی عدالت نے ریپ کا ملزم 9 برس بعد بری کردیا،متاثرہ لڑکی کے والد نے خود کو آگ لگا دی

واقعے کے بعد اسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کا جسم 45.5 فیصد تک جھلس چکا ہے۔

October 31, 2026 · جرم وسزا
مظفر گڑھ کی عدالت نے ریپ کا ملزم 9 برس بعد بری کردیا،متاثرہ لڑکی کے والد نے خود کو آگ لگا دی

مظفر گڑھ کی عدالت نے ریپ کا ملزم 9 برس بعد بری کردیا،متاثرہ لڑکی کے والد نے خود کو آگ لگا دی

مظفرگڑھ میں بیٹی سے زیادتی کے مقدمے میں نامزد ملزم کی نو سال بعد بریت کے فیصلے پر متاثرہ لڑکی کے والد نے ڈسٹرکٹ کورٹس کے باہر خود کو آگ لگا لی۔ واقعے کے بعد اسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کا جسم 45.5 فیصد تک جھلس چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز مظفرگڑھ کی ڈسٹرکٹ کورٹس میں بیٹی سے زیادتی کے مقدمے کا فیصلہ سنایا گیا۔ عدالت نے نو سال تک جاری رہنے والی قانونی کارروائی کے بعد شواہد کی کمی کی بنیاد پر مقدمے میں نامزد ملزم کو بری کر دیا۔

عدالتی فیصلے کے بعد متاثرہ لڑکی کے والد اللہ بخشایا نے مبینہ طور پر عدالت کے باہر اپنے اوپر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق اللہ بخشایا کے جسم کا تقریباً 45.5 فیصد حصہ جھلس چکا ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

اللہ بخشایا کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی بیٹی سے زیادتی کے مقدمے کی پیروی میں کئی سال گزار دیے، تاہم انہیں انصاف نہیں مل سکا۔ ان کے مطابق اس واقعے کے باعث ان کی بیٹی کی ازدواجی زندگی بھی متاثر ہوئی اور اس کے شوہر نے اسے طلاق دے دی تھی۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب چند ماہ قبل ملتان میں بھی زیادتی کے مقدمے میں پولیس کی مبینہ غفلت کے باعث ایک خاتون نے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق شمیم مائی نے 10 جولائی کو تھانے میں ایک بااثر شخص کے خلاف زیادتی کی شکایت درج کرائی تھی، تاہم طبی معائنے کے باوجود پولیس کی جانب سے مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

بعد ازاں زہریلی گولیاں کھانے کے باعث شمیم مائی کی موت ہوگئی۔ واقعے کے بعد ریجنل پولیس آفیسر ملتان عثمان اکرم گوندل نے مبینہ غفلت پر ڈی ایس پی نیو ملتان کو معطل کر دیا، جبکہ متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او، سب انسپکٹر اور محرر کی گرفتاری کے احکامات بھی جاری کیے۔

آر پی او نے تھانہ بدلا سنت کے ایس ایچ او عظیم ذوالفقار، سب انسپکٹر وسیم اور محرر نعیم کے خلاف بھی شکایت پر کارروائی میں مبینہ غفلت برتنے کے معاملے پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔

مظفرگڑھ کا تازہ واقعہ ایک بار پھر جنسی تشدد کے مقدمات میں انصاف کی فراہمی، طویل عدالتی کارروائی اور متاثرہ خاندانوں کو درپیش مشکلات سے متعلق سوالات کو سامنے لے آیا ہے۔