لاہور کی فضائی آلودگی میں بھارتی ہوائیں بھی کردار ادا کر رہی ہیں، مریم اورنگزیب

فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے نگرانی، روک تھام اور فیلڈ میں کارروائیاں مسلسل جاری ہیں

November 1, 2026 · قومی
لاہور کی فضائی آلودگی میں بھارتی ہوائیں بھی کردار ادا کر رہی ہیں، مریم اورنگزیب

لاہور کی فضائی آلودگی میں بھارتی ہوائیں بھی کردار ادا کر رہی ہیں، مریم اورنگزیب

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاہور میں ہوا کی رفتار کم ہونے اور بھارت سے آنے والی ہواؤں کے باعث شہر کا فضائی معیار متاثر ہو رہا ہے۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے نگرانی، روک تھام اور فیلڈ میں کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، جبکہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ خلاف ورزیوں پر 3 صنعتی یونٹس کو سیل کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 16 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

سینئر وزیر کے مطابق ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 بھٹے مسمار اور 8 سیل کیے گئے، جبکہ 4 بھٹوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کے علاوہ 10 لاکھ روپے جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید بتایا کہ غیر معیاری پلاسٹک بنانے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 178 مقامات کا معائنہ کیا گیا۔ اس دوران 13 مقامات سیل کیے گئے اور 613 کلوگرام پلاسٹک ضبط کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں اور اس حوالے سے اب تک 5 لاکھ 16 ہزار 327 وارننگ نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔