خیبرپختونخوا میں شہدا کے بچوں کیلئے مفت تعلیم کا اسکالرشپ پروگرام شروع
پہلی جماعت سے انٹرمیڈیٹ تک مفت تعلیم دی جائے گی۔
خیبرپختونخوا میں شہدا کے بچوں کیلئے مفت تعلیم کا اسکالرشپ پروگرام شروع
خیبرپختونخوا میں شہدا کے بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ’’فخرِ شہدا اسکالرشپ پروگرام‘‘ کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے تحت پہلی جماعت سے انٹرمیڈیٹ تک مفت تعلیم دی جائے گی۔
یہ پروگرام گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور پاکستان سویٹ ہومز کی مشترکہ کوششوں سے شروع کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پاک فوج، پولیس، لیویز اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے ان اہلکاروں کے بچوں کو تعلیمی سہولت فراہم کی جائے گی جنہوں نے دفاعِ وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شہدا کے بچوں کو انٹرمیڈیٹ تک مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔ ان کے مطابق یہ پروگرام شہدا کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی اور ان کی معاونت کے عزم کا عملی اظہار ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے کے بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے شہدا کے بچوں کے لیے خصوصی کیڈٹ کالج قائم کرنے کا اعلان بھی کیا اور بتایا کہ اس منصوبے کے لیے سرکاری زمین فراہم کی جائے گی۔