پاکستان میں بڑے اہداف حاصل کرنے کی صلاحیت ہے،عرفات منہاس
فائنل میں کامیابی پوری ٹیم کے لیے خوشی کا باعث ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں دباؤ کا سامنا کرنا فطری بات ہے
پاکستان میں بڑے اہداف حاصل کرنے کی صلاحیت ہے،عرفات منہاس
پاکستانی آل راؤنڈر عرفات منہاس نے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں بڑے اہداف حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، جبکہ تین ملکی سیریز کا فائنل جیتنا ان کے کیریئر کا یادگار لمحہ ہے۔
عرفات منہاس کا کہنا تھا کہ فائنل میں کامیابی پوری ٹیم کے لیے خوشی کا باعث ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں دباؤ کا سامنا کرنا فطری بات ہے، تاہم اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ کھلاڑی مشکل حالات میں خود پر کتنا اعتماد برقرار رکھتا ہے۔
دوسری جانب پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ نے اعتراف کیا کہ گزشتہ دو سے تین میچز میں اچھی شروعات کے باوجود وہ اپنی اننگز کو بڑے اسکور میں تبدیل نہیں کر سکے تھے۔ ان کے مطابق فائنل میں کوشش تھی کہ زیادہ سے زیادہ وقت کریز پر گزار کر بڑی اننگز کھیلی جائے۔
سعد بیگ نے فخر زمان کی شاندار بیٹنگ کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے دوسرے اینڈ پر کھیلنا آسان ہوگیا۔
ادھر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے اور کھلاڑی ہر چیلنج کا بھرپور مقابلہ کر رہے ہیں۔
مائیک ہیسن نے ٹیم کے سپورٹ اسٹاف کی محنت اور صلاحیتوں کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ خصوصی تعریف کے مستحق ہیں۔