سعودی عرب: اقامہ، لیبر اور بارڈر قوانین کی خلاف ورزیوں پر 13 ہزار 357 افراد گرفتار
سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کو سفری، رہائشی یا ملازمت کی سہولت فراہم کرنا قانوناً جرم ، سزائیں مقرر ہیں
فائل فوٹو
ریاض : سعودی عرب میں ایک ہفتے کے دوران اقامہ، لیبر اور بارڈر قوانین کی خلاف ورزیوں پر 13 ہزار 357 افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ 8 ہزار 875 غیر قانونی تارکین کو ملک بدر کردیا گیا۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق 22 سے 28 اکتوبر 2026 کے درمیان مجموعی طور پر 6 ہزار 880 افراد کو اقامہ قانون، 3 ہزار 500 کو غیر قانونی سرحد عبور کرنے کی کوشش اور 2 ہزار977 کو قانون محنت کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق غیر قانونی طور پر مملکت میں داخل ہونے کی کوشش پر ایک ہزار 446 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ اس کے علاوہ مزید 37 ایسے افراد کو بھی پکڑا گیا جو سرحد پار کر کے مملکت سے ہمسایہ ملکوں میں داخل ہونے کی کوششوں میں مصروف تھے۔
اس کے علاوہ سفر، رہائش، روزگار اور پناہ دینے کی کوششوں میں ملوث 12 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کو سفری، رہائشی یا ملازمت کی سہولت فراہم کرنا قانوناً جرم ہے اور اس کے لیے مختلف سخت سزائیں مقرر ہیں۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق ’جو بھی شخص غیر قانونی تارکین کو سعودی عرب میں داخل ہونے کی سہولت فراہم کرے گا، اسے 15 برس قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانے کے ساتھ گاڑی اور جائیداد کی ضبطی کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔