کینیڈا : کار حادثے میں پاکستانیوں سمیت 6 افراد جاں بحق
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ، مقامی پولیس
فائل فوٹو
اونٹاریو: کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں ایک دردناک کار حادثے کے نتیجے میں 6 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جن میں پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق یہ المناک حادثہ اونٹاریو کے شہر گوئلف کے باہر واقع “واٹسن روڈ” پر پیش آیا، جہاں کار شدید حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور پولیس فورس موقع پر پہنچ گئی، تاہم گاڑی میں سوار تمام 6 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
مقامی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ذرائع اور میڈیا رپورٹس نے تصدیق کی ہے کہ جان بحق ہونے والوں میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔
حادثے میں مارے جانے والے افراد کی شناخت اور دیگر تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ ان کے لواحقین کو فوری طور پر اطلاع دی جا سکے۔