سعودی اتحاد نے ریاض کی جانب آنے والے2 حوثی ڈرون تباہ کر دیے
حوثی باغیوں نے چند منٹ قبل اعلان کیا تھاانھوں نے سعودی عرب کے دمام ہوائی اڈے کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے
فائل فوٹو
ریاض: سعودی قیادت والے اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے دارالحکومت ریاض کی جانب آنے والے دو حوثی ڈرونز کو روک کر تباہ کر دیا ہے۔
اتحاد کے مطابق یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی جب یمن کے حوثی باغیوں نے چند منٹ قبل اعلان کیا تھا کہ انھوں نے سعودی عرب کے دمام ہوائی اڈے کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جیزان میں ایک پیشگی وارننگ ریڈار پر ڈرون حملہ کیا گیا، جبکہ شہر کے ہوائی اڈے پر موجود ایک فوجی ٹرانسپورٹ طیارے کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
تاہم حوثیوں کے ان دعوؤں کی سعودی حکام کی جانب سے تاحال باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک روز قبل سعودی قیادت والے اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے اعلان کیا تھا کہ جنوبی سعودی عرب کے صوبے عسیر میں ایک بیلسٹک میزائل اور دو حوثی ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا تھا۔