فلوریڈا طیارہ حادثہ، ہلاک افراد کی شناخت ہوگئی

مرنے والوں میں ایک ہی خاندان کے چار افراد، طیارے کا پائلٹ اور 20 سالہ خاتون معاون پائلٹ بھی شامل ہیں۔

November 3, 2026 · بام دنیا
فلوریڈا طیارہ حادثہ، ہلاک افراد کی شناخت ہوگئی

فلوریڈا طیارہ حادثہ، ہلاک افراد کی شناخت ہوگئی

 امریکی ریاست فلوریڈا میں چھوٹا نجی جیٹ طیارہ گر کر تباہ ہونے کے واقعے میں ہلاک ہونے والے تمام 9 افراد کی شناخت سامنے آگئی ہے۔ مرنے والوں میں ایک ہی خاندان کے چار افراد، طیارے کا پائلٹ اور 20 سالہ خاتون معاون پائلٹ بھی شامل ہیں۔

حکام کے مطابق لیئر جیٹ 60 آسٹن سے بہاماس جا رہا تھا کہ اچانک تیزی سے زمین کی جانب گرنے لگا اور خوفناک دھماکے کے بعد آگ کے شعلوں میں گھر گیا۔

حادثے سے قبل کاک پٹ اور ایئر ٹریفک کنٹرول کے درمیان ہونے والی گفتگو کی آڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں عملے کو موسم کی خراب صورتحال اور طیارے پر برف جمنے کے باعث مشکلات کا سامنا کرتے سنا جا سکتا ہے۔

آڈیو کے مطابق عملے کے ایک رکن نے بتایا کہ طیارہ برفانی صورتحال سے گزر رہا ہے اور اسے مزید بلندی پر لے جانے کی ضرورت ہے۔ کچھ دیر بعد پائلٹ نے اطلاع دی کہ طیارہ تیزی سے نیچے آ رہا ہے۔

صورتحال مزید خراب ہونے پر عملے نے ہنگامی کال کرتے ہوئے بتایا کہ طیارہ انتہائی تیزی سے زمین کی طرف گر رہا ہے۔ آخری لمحات میں کاک پٹ سے یہ الفاظ سنائی دیے کہ ’’ہمارا وقت ختم ہو گیا ہے۔‘‘

حادثے کے بعد فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کی ویڈیو دیکھنا انتہائی تکلیف دہ ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت علاقے میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش ہو رہی تھی۔ امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اس بات کی تحقیقات کر رہا ہے کہ آیا خراب موسم اور طیارے پر برف جمنے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا یا اس میں انسانی غلطی کا بھی کوئی کردار تھا۔

ہلاک ہونے والوں میں ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے کاروباری شخصیت ایڈم رابنسن، ان کی اہلیہ ہیلن شارپ اور ان کے دو کم سن بچے چار سالہ ایما اور دو سالہ چارلی شامل ہیں۔

خاندانی بیان کے مطابق ایڈم ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ کاروباری شخصیت تھے، جبکہ ان کی اہلیہ مصوری کا شوق رکھتی تھیں۔ خاندان نے دونوں میاں بیوی کو محبت کرنے والے والدین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بچے ان کی زندگی کی سب سے بڑی خوشی تھے۔

حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں خاندان کے دیگر افراد اور بچوں کی دیکھ بھال کرنے والی خاتون بھی شامل تھیں۔

طیارے کی 20 سالہ معاون پائلٹ نتھالیا فلگیریاس بھی اس حادثے میں ہلاک ہو گئیں۔ ان کی والدہ نے امریکی میڈیا سے گفتگو میں بیٹی کی موت کی تصدیق کی۔ نتھالیا نے محض 17 برس کی عمر میں پائلٹ کا لائسنس حاصل کر لیا تھا اور انہیں دورانِ پرواز دنیا کو بلندی سے دیکھنے کا شوق تھا۔

امریکی حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔