لاہور میں مدرسے کے معلم کا بچے پر تشدد،آنکھ 80 فیصد ضائع
ملزم نے بچے عفان شاہ کی آنکھ پر ڈنڈا مارا، جس کے نتیجے میں اس کی بینائی کو شدید نقصان پہنچا،پولیس
لاہور میں مدرسے کے معلم کا بچے پر تشدد،آنکھ 80 فیصد ضائع
لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں مدرسے کے معلم پر کم عمر بچے کو تشدد کا نشانہ بنانے اور اس کی آنکھ شدید زخمی کرنے کا الزام سامنے آیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم قاری عبدالواحد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے بچے عفان شاہ کی آنکھ پر ڈنڈا مارا، جس کے نتیجے میں اس کی بینائی کو شدید نقصان پہنچا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بچے کی آنکھ تقریباً 80 فیصد متاثر ہوئی ہے۔
بچے کے والد کا کہنا ہے کہ عفان جب مدرسے سے گھر واپس آیا تو خوفزدہ تھا اور اس کی آنکھ بری طرح زخمی تھی۔ والد کے مطابق ملزم نے بچے کو واقعے کے بارے میں کسی کو بتانے سے بھی منع کیا اور دھمکی دی۔
پولیس ترجمان کے مطابق بچے کے والد کی درخواست پر ملزم کے خلاف دفعہ 328 اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی شروع کی اور چند گھنٹوں کے اندر ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ بچوں پر تشدد کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں پر تشدد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔