سیاسی اشتعال انگیزی کے باوجود طلبہ نے تعلیم کا راستہ نہیں چھوڑا،مریم نواز
حکومت نے سفارش کے نظام کی حوصلہ شکنی کرکے میرٹ کو فروغ دیا ہے، انہیں اٹک کے ہونہار طلبہ پر فخر ہے۔
سیاسی اشتعال انگیزی کے باوجود طلبہ نے تعلیم کا راستہ نہیں چھوڑا،مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا مستقبل اور قومی سرمایہ ہیں، سیاسی طور پر بھڑکانے کی کوششوں کے باوجود طلبہ نے تعلیم کا راستہ نہیں چھوڑا۔
اٹک میں ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت نے سفارش کے نظام کی حوصلہ شکنی کرکے میرٹ کو فروغ دیا ہے، انہیں اٹک کے ہونہار طلبہ پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیٹیوں کو آگے بڑھتے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، جبکہ گرین بسوں میں طلبہ کو مفت سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ حکومت کے وسائل طلبہ کی تعلیم پر خرچ کرنا بہترین سرمایہ کاری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق حکومت نوجوانوں کو صرف ڈگریاں نہیں بلکہ ہنر سکھانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر بھی کام کر رہی ہے۔ لیپ ٹاپ کے ذریعے طلبہ کو فری لانسنگ اور جدید تحقیق میں مدد ملے گی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب کو خواتین کے لیے محفوظ صوبہ بنانے کی کوششیں جاری ہیں اور صوبے کے طلبہ دنیا کی بہترین جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔