حکومت کی پی ٹی آئی کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کی دعوت

طارق فضل چوہدری نے عامر ڈوگر سے درخواست کی کہ اپوزیشن کمیٹی میں شمولیت کے لیے اپنے نام جلد اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائے

November 3, 2026 · قومی
حکومت کی پی ٹی آئی کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کی دعوت

حکومت کی پی ٹی آئی کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کی دعوت

اسلام آباد: حکومت نے پاکستان تحریک انصاف سے انتخابی اصلاحات کے لیے قائم کی جانے والی پارلیمانی کمیٹی کا حصہ بننے کی درخواست کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق فضل چوہدری نے عامر ڈوگر سے درخواست کی کہ اپوزیشن کمیٹی میں شمولیت کے لیے اپنے نام جلد اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی شرکت سے پارلیمنٹ اور جمہوری نظام مضبوط ہوگا۔

عامر ڈوگر نے کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کی نمائندگی کے تناسب سے متعلق سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ اس کی تشکیل کا طریقہ کار کیا ہوگا؟ اس پر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ تمام جماعتوں کی پارلیمانی قوت کو مدنظر رکھا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ نشستوں کے تناسب سے کمیٹی میں حکومت کے 15 جبکہ اپوزیشن کے 5 ارکان شامل ہوں گے۔

عامر ڈوگر نے اپوزیشن کی کم نمائندگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنی کم تعداد کے ساتھ اپوزیشن کمیٹی میں مؤثر کردار کیسے ادا کرسکے گی؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کمیٹی کی تشکیل کے لیے 2013 میں قائم انتخابی اصلاحات کمیٹی کا فارمولا سامنے رکھا جائے۔

عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ وہ پارلیمانی قیادت سے مشاورت کے بعد حکومت کو جواب دیں گے، تاہم انتخابی اصلاحات کی کمیٹی کو سب سے پہلے پی ٹی آئی کے گزشتہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کرنی چاہئیں۔

ذرائع کے مطابق طارق فضل چوہدری نے جواب دیا کہ کمیٹی کے ضابطہ کار نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد طے کیے جائیں گے۔ انہوں نے اپوزیشن سے جلد نام بھجوانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کھلے دل اور کھلے ذہن کے ساتھ اس عمل کو آگے بڑھانا چاہتی ہے۔