کراچی میں مزدا ٹرک کی ٹکر سے اسکول کا طالب علم جاں بحق،دوسرا زخمی
جاں بحق ہونے والے طالب علم کی شناخت 16 سالہ حذیفہ ولد آصف کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی طالب علم 15 سالہ حمزہ ہے۔
کراچی میں مزدا ٹرک کی ٹکر سے اسکول کا طالب علم جاں بحق،دوسرا زخمی
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں تیز رفتار مزدا ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں نجی اسکول کا ایک طالب علم جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
ایس ایچ او تھانہ سرسید افتخار تنولی کے مطابق حادثہ نارتھ ناظم آباد بلاک آئی میں شنواری ریسٹورنٹ کے قریب پیش آیا۔ دونوں طالب علم اسکول سے چھٹی کے بعد موٹر سائیکل پر گھر جا رہے تھے کہ راستے میں مزدا ٹرک کی زد میں آگئے۔
حادثے کے بعد چھیپا ایمبولینس کے ذریعے دونوں طالب علموں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے طالب علم کی شناخت 16 سالہ حذیفہ ولد آصف کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی طالب علم 15 سالہ حمزہ ہے۔
پولیس نے حادثے میں ملوث لوڈنگ مزدا ٹرک تحویل میں لے کر اس کے ڈرائیور روال حسین کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔