امریکی وسط مدتی انتخابات،ایوان نمائندگان اور سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی برتری
ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس اب تک 70 نشستیں جیت چکے ہیں، جبکہ ریپبلکن پارٹی کے حصے میں 30 نشستیں آئی ہیں
امریکی وسط مدتی انتخابات،ایوان نمائندگان اور سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی برتری
واشنگٹن: امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق ایوان نمائندگان اور سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی نے متعدد نشستیں جیت لی ہیں، جبکہ مختلف ریاستوں میں ریپبلکن امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں۔
ابتدائی نتائج کے مطابق ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس اب تک 70 نشستیں جیت چکے ہیں، جبکہ ریپبلکن پارٹی کے حصے میں 30 نشستیں آئی ہیں۔ اسی طرح سینیٹ میں ڈیموکریٹس نے 45 اور ریپبلکنز نے 34 نشستیں حاصل کر لی ہیں۔
ریاست کینٹکی کے پانچویں کانگریشنل ڈسٹرکٹ سے ریپبلکن امیدوار ہال راجرز کامیاب ہوئے، جبکہ تیسرے ڈسٹرکٹ کی نشست ڈیموکریٹ امیدوار مورگن میک گیروی نے جیت لی۔
فلوریڈا میں بھی دونوں جماعتوں کے امیدواروں نے کامیابیاں حاصل کیں۔ ڈسٹرکٹ 12 سے ڈیموکریٹ امیدوار ڈیبی واسرمین شلٹز نے ریپبلکن حریف کو شکست دے کر مسلسل بارہویں مرتبہ کانگریس کی نشست جیت لی۔ ڈسٹرکٹ 19 سے ریپبلکن امیدوار جم شوارٹزل جبکہ ڈسٹرکٹ 23 سے ڈیموکریٹ امیدوار لوئس فرینکل کامیاب قرار پائے۔
جارجیا میں ڈیموکریٹس نے ایوان نمائندگان کی متعدد نشستیں اپنے نام کیں۔ ڈسٹرکٹ 5 سے نکیما ولیمز، ڈسٹرکٹ 13 سے جیسمین کلارک، ڈسٹرکٹ 6 سے لوسی میکبتھ اور ڈسٹرکٹ 4 سے ہینک جانسن کامیاب ہوئے۔
ورمونٹ کے پہلے ڈسٹرکٹ سے ڈیموکریٹ امیدوار بیکا بالنٹ نے کامیابی حاصل کی، جبکہ اوہائیو کی ایوان نمائندگان کی تین نشستیں بھی ڈیموکریٹس کے حصے میں آئیں۔ ٹیکساس کے ڈسٹرکٹ 30 سے ڈیموکریٹ امیدوار فریڈرک ڈی کامیاب قرار پائے۔
فلوریڈا کے مجموعی نتائج میں ڈیموکریٹس نے ایوان نمائندگان کی چار جبکہ ریپبلکنز نے پانچ نشستیں حاصل کیں۔
سینیٹ کے انتخابی نتائج میں بھی ڈیموکریٹس کو اہم کامیابیاں ملیں۔ جارجیا سے جان اوسوف نے سینیٹ کی نشست جیت لی، جبکہ ڈیلاویئر، نیوجرسی، رہوڈ آئی لینڈ، میساچوسٹس اور الینوائے سے بھی ڈیموکریٹ امیدوار کامیاب ہوئے۔
نیو ہیمپشائر سے کرس پاپاس اور شمالی کیرولائنا سے رائے کوپر نے بھی سینیٹ کی نشستیں جیت لیں۔ دوسری جانب فلوریڈا سے ریپبلکن امیدوار ایشلے موڈی کامیاب ہوئیں، جنہوں نے 2025 میں مارکو روبیو کے وزیر خارجہ بننے کے بعد خالی ہونے والی نشست حاصل کی تھی۔
گورنر کے انتخابات میں بھی ڈیموکریٹس نے کامیابی حاصل کی۔ میری لینڈ، پینسلوینیا، میساچوسٹس اور الینوائے میں ڈیموکریٹ امیدوار گورنر منتخب ہوئے۔
واضح رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کی مجموعی 435 نشستوں میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے کسی بھی جماعت کو کم از کم 218 نشستیں درکار ہیں۔ ابتدائی نتائج میں ڈیموکریٹس کی برتری کے باوجود کانگریس کے دونوں ایوانوں کا حتمی کنٹرول مکمل نتائج سامنے آنے کے بعد ہی واضح ہوگا۔
ان انتخابات کے نتائج کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریپبلکن حکومت کے لیے اہم سیاسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ ان کے ذریعے کانگریس میں دونوں جماعتوں کی پوزیشن کا تعین ہوگا۔