جارجیا میں نئی تاریخ رقم، کیشا لانس باٹمز پہلی سیاہ فام خاتون گورنر منتخب
اٹلانٹا کی سابق میئر کیشا لانس باٹمز نے ری پبلکن امیدوار اور کاروباری شخصیت رک جیکسن کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی
جارجیا میں نئی تاریخ رقم، کیشا لانس باٹمز پہلی سیاہ فام خاتون گورنر منتخب
امریکی ریاست جارجیا میں ڈیموکریٹک امیدوار کیشا لانس باٹمز نے گورنر کا انتخاب جیت کر تاریخ رقم کردی۔ وہ امریکی تاریخ میں کسی بھی ریاست کی گورنر منتخب ہونے والی پہلی سیاہ فام خاتون بن گئی ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اٹلانٹا کی سابق میئر کیشا لانس باٹمز نے ری پبلکن امیدوار اور کاروباری شخصیت رک جیکسن کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ ان کی کامیابی کو امریکی سیاست میں خواتین، خصوصاً سیاہ فام خواتین کی نمائندگی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
چھپن سالہ کیشا لانس باٹمز جنوری 2027 میں عہدے کا حلف اٹھائیں گی۔ اس طرح وہ جارجیا کی پہلی خاتون گورنر بھی بن جائیں گی۔ اس سے قبل ریاست کی تاریخ میں تمام گورنر سفید فام مرد رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ان کی کامیابی کے ساتھ جارجیا میں ری پبلکن جماعت کی دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط حکمرانی بھی ختم ہوگئی ہے۔ ریاست میں آخری ڈیموکریٹک گورنر نے 2003 میں اپنا عہدہ چھوڑا تھا۔
کیشا لانس باٹمز 2018 سے 2022 تک اٹلانٹا کی میئر رہ چکی ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے سابق امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ میں مشیر اور وائٹ ہاؤس کے دفتر برائے عوامی رابطہ کاری کی سربراہ کے طور پر بھی ذمہ داریاں نبھائیں۔
انتخابی مہم کے دوران ان کی توجہ صحت کی سہولتوں تک رسائی بہتر بنانے، مہنگائی میں کمی، کم از کم اجرت بڑھانے اور طبی سہولتوں کے سرکاری پروگرام میڈیکیڈ کا دائرہ وسیع کرنے پر رہی۔
انتخابی نتائج میں اٹلانٹا اور اس کے گردونواح کے علاقوں کے ووٹرز، بالخصوص سیاہ فام شہریوں کی حمایت نے ان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔