امریکا کا فی الحال ایران پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں،ٹرمپ
امریکی فوج کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
امریکا کا فی الحال ایران پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں،ٹرمپ
واشنگٹن: برطانوی جریدے کو دیے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف فوری فوجی کارروائی کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں اور ممکن ہے کہ حملے کی نوبت ہی نہ آئے۔ ان کے مطابق امریکی فوج کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی کے باعث تہران کی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ سے پہلے کے مقابلے میں اب آبنائے ہرمز سے زیادہ تیل گزر رہا ہے۔
امریکی صدر نے مزید بتایا کہ ایران کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات جاری ہیں، جن میں افزودہ یورینیم کے ذخائر کا معاملہ بھی زیر بحث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن تہران سے بات چیت کر رہا ہے اور اب دیکھنا ہوگا کہ مذاکرات کس نتیجے پر پہنچتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر حالات کا تقاضا ہوا تو امریکا ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا آپشن استعمال کرسکتا ہے، تاہم فی الحال سفارتی کوششوں کے ذریعے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔