امریکی وسط مدتی انتخابات: ابتدائی نتائج میں ڈیموکریٹس کو برتری،کئی اہم نشستوں پر کامیابی

ابتدائی نتائج میں سینیٹ کی 45 نشستیں ڈیموکریٹس جبکہ 36 نشستیں ریپبلکنز کے حصے میں آئی ہیں

November 4, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
امریکی وسط مدتی انتخابات: ابتدائی نتائج میں ڈیموکریٹس کو برتری،کئی اہم نشستوں پر کامیابی

امریکی وسط مدتی انتخابات: ابتدائی نتائج میں ڈیموکریٹس کو برتری،کئی اہم نشستوں پر کامیابی

واشنگٹن: امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے لیے مختلف ریاستوں میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے، جبکہ ابتدائی نتائج میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدواروں نے کئی اہم نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ابتدائی نتائج میں سینیٹ کی 45 نشستیں ڈیموکریٹس جبکہ 36 نشستیں ریپبلکنز کے حصے میں آئی ہیں۔ اسی طرح 218 نشستوں والے ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس نے 113 جبکہ ریپبلکنز نے 62 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

سینیٹ میں ڈیموکریٹک سینیٹر مارک وارنر نے ریاست ورجینیا سے دوبارہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی چوتھی مدت یقینی بنالی۔ انہوں نے ریپبلکن امیدوار برٹ میزوساوا کو شکست دی۔

جارجیا سے ڈیموکریٹک سینیٹر جان اوسوف نے بھی اپنے ریپبلکن حریف مائیک کولنز کو شکست دے کر دوبارہ سینیٹ کی نشست جیت لی۔

اس کے علاوہ ڈیلاویئر سے کرس کونز، نیو جرسی سے کوری بُکر، روڈ آئی لینڈ سے جیک ریڈ اور میساچوسٹس سے ایڈورڈ مارکی نے بھی اپنی سینیٹ کی نشستوں کا دفاع کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی، جبکہ الینوائے سے ڈیموکریٹک امیدوار جولیانا اسٹریٹن بھی سینیٹ کی نشست جیتنے میں کامیاب رہیں۔

ایوانِ نمائندگان میں فلوریڈا سے ڈیبی واسرمین شلٹز، کینٹکی سے مورگن میک گاروی اور جارجیا سے جیسمین کلارک نے کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ نیکیما ولیمز، لوسی میک باتھ اور رشیدہ طلیب بھی اپنی نشستیں برقرار رکھنے میں کامیاب رہیں۔

ریپبلکن امیدواروں میں کینٹکی سے ہال راجرز اور فلوریڈا سے جم شوارٹزل نے بھی ایوانِ نمائندگان کی نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

گورنر کے انتخابات میں بھی مختلف ریاستوں سے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ الینوائے سے ڈیموکریٹک گورنر جے بی پرٹزکر، میساچوسٹس سے مورا ہیلی، میری لینڈ سے ویس مور اور پنسلوانیا سے جوش شاپیرو دوبارہ منتخب ہوگئے ہیں۔

فلوریڈا میں ریپبلکن امیدوار بائرن ڈونلڈز نے ڈیموکریٹک حریف ڈیوڈ جولی کو شکست دے کر گورنر کا انتخاب جیت لیا۔ اس کامیابی کے بعد وہ ریاست فلوریڈا کے پہلے سیاہ فام گورنر بننے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب جارجیا میں ڈیموکریٹک امیدوار اور اٹلانٹا کی سابق میئر کیشا لانس باٹمز نے ریپبلکن امیدوار رک جیکسن کو شکست دے کر گورنر کا انتخاب جیت لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ امریکی تاریخ میں کسی بھی ریاست کی پہلی سیاہ فام خاتون گورنر بن گئی ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق مختلف ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور مزید نتائج سامنے آنے کے بعد کانگریس کے دونوں ایوانوں میں ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز کی پوزیشن واضح ہوگی۔