پشاور، مہمند اور خیبر میں آلودگی پھیلانے والی 7 ماربل فیکٹریاں سیل
پشاور، مہمند اور ضلع خیبر میں یہ کارروائی ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے شروع کی گئی ہے۔
پشاور، مہمند اور خیبر میں آلودگی پھیلانے والی 7 ماربل فیکٹریاں سیل
خیبر پختونخوا میں دریاؤں اور صاف پانی کو آلودہ کرنے والی ماربل اور چپس فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سات یونٹس بند کردیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ان فیکٹریوں کو فضلے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے نہ لگانے پر سیل کیا گیا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور، مہمند اور ضلع خیبر میں یہ کارروائی ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے شروع کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بعض ماربل اور چپس فیکٹریاں صنعتی فضلہ مقررہ طریقہ کار کے بجائے براہ راست دریاؤں میں پھینک رہی تھیں، جس سے صاف پانی آلودہ ہو رہا تھا۔ پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رہنے کی شکایات بھی سامنے آئی تھیں۔
ملاگوری میں ایسی فیکٹریوں کو سات روز کے اندر فضلے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے اور صفائی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ دریائے کابل کو آلودہ کرنے اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔