پاکستان پوسٹ میں ہزاروں بھرتیوں کی تحقیقات،سابق وفاقی وزیر اسعد محمود کو نیب کا نوٹس
10 نومبر کو صبح 11 بجے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت
پاکستان پوسٹ میں ہزاروں بھرتیوں کی تحقیقات،سابق وفاقی وزیر اسعد محمود کو نیب کا نوٹس
قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان پوسٹ میں ہزاروں ملازمتوں پر بھرتیوں کے معاملے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کو طلب کرلیا ہے۔
نیب راولپنڈی کی جانب سے جاری نوٹس میں مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسعد محمود کو 10 نومبر کو صبح 11 بجے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تحقیقات کا تعلق اسعد محمود کے دورِ وزارت میں پاکستان پوسٹ میں ہونے والی بھرتیوں سے ہے۔ نیب کے مطابق منظور شدہ 2 ہزار 646 آسامیوں کے مقابلے میں 4 ہزار 252 افراد کو بھرتی کیے جانے کا الزام ہے، جس پر سابق وفاقی وزیر سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔
نوٹس میں یہ معاملہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ پاکستان پوسٹ میں 3 ہزار 938 آسامیوں کی اجازت کے باوجود بھرتیوں کی تعداد 4 ہزار 252 تک کیسے پہنچ گئی۔ نیب کو شبہ ہے کہ ان تقرریوں میں کابینہ کی ہدایات کو نظرانداز کیا گیا۔
تحقیقات میں مستقل بنیادوں پر بھرتیوں، سیاسی وابستگیوں کی بنیاد پر تقرریوں، مبینہ جعلی دستاویزات، عمر کی مقررہ حد سے تجاوز اور صوبائی ڈومیسائل کوٹے کی خلاف ورزیوں جیسے الزامات بھی شامل ہیں۔
نیب نے اسعد محمود سے ان تمام معاملات پر جواب طلب کرتے ہوئے انہیں مقررہ تاریخ پر پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔