امریکی انتخابات میں ایلون مسک کی بھاری سرمایہ کاری بھی کام نہ آئی

ایلون مسک نے ریپبلکن امیدواروں اور قدامت پسند سیاسی مقاصد کی حمایت کے لیے کم از کم 45 کروڑ 50 لاکھ ڈالر خرچ کیے۔

November 4, 2026 · بام دنیا
امریکی انتخابات میں ایلون مسک کی بھاری سرمایہ کاری بھی کام نہ آئی

امریکی انتخابات میں ایلون مسک کی بھاری سرمایہ کاری بھی کام نہ آئی

امریکی انتخابات کے نتائج کے بعد ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک کی انتخابی مہم میں سرمایہ کاری اور ریپبلکن امیدواروں کی حمایت کا معاملہ بھی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

اوپن سیکرٹس کے وفاقی انتخابی ریکارڈز کے تجزیے کے مطابق ایلون مسک نے ریپبلکن امیدواروں اور قدامت پسند سیاسی مقاصد کی حمایت کے لیے کم از کم 45 کروڑ 50 لاکھ ڈالر خرچ کیے۔

ٹیکساس میں سینیٹ کی نشست کے لیے انتخابی مہم کے دوران مسک نے ریپبلکن امیدوار کین پیکسٹن کی حمایت میں 20 کروڑ ڈالر سے زائد رقم خرچ کی، تاہم انہیں ڈیموکریٹک امیدوار جیمز تالاریکو کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ ایلون مسک چند سال قبل اپنی رہائش اور کاروباری سرگرمیوں کا ایک حصہ ٹیکساس منتقل کر چکے ہیں۔

کامیابی کے بعد بدھ کی شام اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے جیمز تالاریکو نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ عوام نے ارب پتی اور کھرب پتی بڑے عطیہ دہندگان سمیت سیاسی نظام کے بدعنوان محافظوں کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ اصل طاقت عوام کے پاس ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کئی گھنٹوں کی خاموشی کے بعد ایلون مسک نے طنزیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ لگتا ہے ان کے انتخابی مداخلت کرنے والے خلائی لیزر اس مرتبہ کام نہیں آئے۔