ٹرمپ انتظامیہ کے لیے نئی مشکل؟ڈیموکریٹس نے تحقیقات کی تیاری شروع کردی
کمیٹی نے مختلف نجی کمپنیوں اور امریکی انتظامیہ کو خطوط ارسال کیے ہیں، جن میں متعلقہ دستاویزات اور ریکارڈ محفوظ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ کے لیے نئی مشکل؟ڈیموکریٹس نے تحقیقات کی تیاری شروع کردی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو آنے والے دنوں میں نئی سیاسی اور قانونی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے ڈیموکریٹ ارکان نے کانگریس میں اکثریت حاصل ہونے کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کے گزشتہ دو سال کے اقدامات کی ممکنہ تحقیقات کے لیے ابتدائی اقدامات شروع کردیے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق کمیٹی نے مختلف نجی کمپنیوں اور امریکی انتظامیہ کو خطوط ارسال کیے ہیں، جن میں متعلقہ دستاویزات اور ریکارڈ محفوظ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ان خطوط میں ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ انہیں یوکرین میں اسٹار شیلڈ سروس کی رفتار سست کرنے کے معاملے سے متعلق تمام ریکارڈ محفوظ رکھنے کا کہا گیا ہے۔
اسی طرح روسی ڈیزل کے معاہدے سے منسلک بندرگاہوں، بینکوں اور دیگر نجی اداروں کو بھی ضروری دستاویزات محفوظ رکھنے کے لیے خطوط بھیجے گئے ہیں۔
ڈیموکریٹک سینیٹ کے ایک معاون کے مطابق ریکارڈ محفوظ رکھنے کے لیے خطوط جاری کرنا کمیٹی کا معمول کا طریقہ کار ہے۔ اس کے تحت قانون کی ممکنہ خلاف ورزیوں یا مشکوک سرگرمیوں کے حوالے سے زیر غور افراد اور اداروں سے متعلق شواہد محفوظ کیے جاتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوری میں نئی کانگریس کے آغاز کے بعد ڈیموکریٹس ٹرمپ انتظامیہ کے اقدامات کی وسیع پیمانے پر تحقیقات شروع کرسکتے ہیں۔
ڈیموکریٹک معاون کا مزید کہنا تھا کہ اگر ایران جنگ کے حوالے سے کوئی بڑی پیشرفت ہوئی تو ڈیموکریٹس دفاعی بجٹ کی منظوری کے بدلے جنگ سے متعلق نئی شرائط شامل کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
تاہم موجودہ کانگریس میں ریپبلکنز کی اکثریت کے باعث صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگی اختیارات محدود کرنے کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں۔