وفاقی آئینی عدالت نے جے یو آئی کی مخصوص نشست سے متعلق اپیل مسترد کر دی

چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے جے یو آئی کی درخواست پر سماعت کی۔

November 5, 2026 · قومی
وفاقی آئینی عدالت نے جے یو آئی کی مخصوص نشست سے متعلق اپیل مسترد کر دی

وفاقی آئینی عدالت نے جے یو آئی کی مخصوص نشست سے متعلق اپیل مسترد کر دی

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی مخصوص نشست کے تنازع سے متعلق اپیل خارج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے جے یو آئی کی درخواست پر سماعت کی۔

دورانِ سماعت جماعت کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ جے یو آئی نے مخصوص نشستوں کے لیے چار امیدواروں کے ناموں پر مشتمل فہرست الیکشن کمیشن میں جمع کرائی تھی، تاہم کمیشن کو امیدواروں کی فہرست میں تبدیلی کا اختیار حاصل نہیں۔

وکیل کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا منفرد مقدمہ ہے، کیونکہ جماعت صدف احسان کو اپنا امیدوار تسلیم نہیں کرتی، لیکن انہیں جے یو آئی کی امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید مؤقف اپنایا کہ اگر جمع کرائی گئی فہرست میں کوئی غلطی موجود تھی تو اس کی درستی کے لیے جماعت سے رابطہ کیا جانا چاہیے تھا۔

تاہم وفاقی آئینی عدالت نے جے یو آئی کی اپیل مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا اور درخواست خارج کر دی۔