ایران کے خلاف دوبارہ جنگ کی تیاری،پینٹاگون نے فوج کو الرٹ کر دیا

اگر فوجی آپریشن دوبارہ شروع ہوا تو اس میں بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے جا سکتے ہیں، رپورٹ ایگزیوس

November 5, 2026 · بام دنیا
ایران کے خلاف دوبارہ جنگ کی تیاری،پینٹاگون نے فوج کو الرٹ کر دیا

ایران کے خلاف دوبارہ جنگ کی تیاری،پینٹاگون نے فوج کو الرٹ کر دیا

واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں کے پیش نظر امریکی فوج کو تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کر دی ہے، جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں مزید فوجی وسائل اور عسکری سازوسامان بھیجنے کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔

امریکی خبر رساں ویب سائٹ ایگزیوس نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ پینٹاگون نے فوج کو ایران کے خلاف ممکنہ آپریشن کے لیے تیار رہنے کا کہا ہے۔ ان اقدامات میں خطے میں اضافی فوجی اثاثوں کی تعیناتی بھی شامل ہے۔

رپورٹ کے مطابق فوجی تیاریوں کا یہ مطلب نہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف دوبارہ جنگ شروع کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، تاہم امریکی فوج کسی بھی ممکنہ حکم پر کارروائی کے لیے تیاریاں کر رہی ہے۔

ایگزیوس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر فوجی آپریشن دوبارہ شروع ہوا تو اس میں بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے جا سکتے ہیں۔ ممکنہ اہداف میں ایران کی جوہری تنصیبات، توانائی کے مراکز اور اہم بنیادی ڈھانچہ شامل ہو سکتا ہے۔

رپورٹ میں یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ ممکنہ کارروائی میں اسرائیلی فوج بھی حصہ لے سکتی ہے۔ تاہم امریکی قیادت کی جانب سے فی الحال کسی نئے فوجی آپریشن کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور تنازع کے حل کے لیے سفارتی رابطوں کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ امریکی فوج کی تیاریوں نے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا کر دیے ہیں۔