کال سینٹر پر چھاپہ،گرفتار ملازمین کے اہل خانہ کا شارع فیصل پر احتجاج،ٹریفک جام

این سی سی اے کے چھاپے میں گرفتار افراد کی رہائی کیلئے اہل خانہ سڑکوں پر نکل آئے

November 5, 2026 · قومی

کال سینٹر پر چھاپہ، گرفتار ملازمین کے اہل خانہ کا شارع فیصل پر احتجاج، گاڑیوں کی قطاریں

کراچی: شارع فیصل پر بلوچ کالونی پل کے قریب دارالامان سوسائٹی میں واقع کال سینٹر پر این سی سی اے کے چھاپے کے دوران حراست میں لیے گئے افراد کے اہل خانہ نے احتجاج کیا، مظاہرین نے شارع فیصل بلاک کردی، جس کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

احتجاج کے باعث میٹروپول اور ٹیپو سلطان کٹ سے ایئرپورٹ جانے والا راستہ بھی بند ہوگیا، ٹریفک جام میں اسکول وینز اور ریڈ و گرین بسیں پھنس گئیں، جبکہ سڑک بند دیکھ کر شہریوں نے رانگ وے سفر شروع کردیا، جس سے ٹریفک کی صورتحال مزید سنگین ہوگئی اور شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

پولیس حکام کے مطابق احتجاج کال سینٹر پر این سی سی اے کے چھاپے کے دوران خواتین سمیت حراست میں لیے گئے متعدد افراد کے اہل خانہ کی جانب سے کیا گیا۔

احتجاج کرنے والے اہل خانہ کا مطالبہ تھا کہ ان کے پیاروں کو فوری رہا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے بچے کال سینٹر میں ملازمت کرتے تھے اور ان کا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اہل خانہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کے بچوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

احتجاج اور ٹریفک جام کی اطلاع ملتے ہی ٹریفک پولیس اور ڈسٹرکٹ پولیس کے افسران موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین سے احتجاج ختم کرنے کے لیے مذاکرات کیے۔
مذاکرات کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا، جس کے بعد پولیس نے شارع فیصل پر ٹریفک بحال کردی۔