خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا التوا، لوکل کونسل ایسوسی ایشن کا آئینی عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ
حمایت اللہ مایار کا مؤقف،بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ آئین و قانون کے منافی ہے
خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا التوا، لوکل کونسل ایسوسی ایشن کا آئینی عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ
پشاور: خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف لوکل کونسل ایسوسی ایشن نے آئینی عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
لوکل کونسل ایسوسی ایشن کے چیئرمین حمایت اللہ مایار نے کہا ہے کہ وکلا سے مشاورت کرلی ہے اور بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کو آئینی عدالت میں چیلنج کریں گے۔
حمایت اللہ مایار کا کہنا تھا کہ آئین کا آرٹیکل 140(اے) معطل ہی نہیں ہوا، اس بنیاد پر انتخابات ملتوی کرنا آئین اور قانون کے برعکس ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کا مؤقف ہے کہ آرٹیکل 140(اے) معطل ہونے کے باعث ان اضلاع میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوسکتے۔
دوسری جانب لوکل کونسل ایسوسی ایشن نے الیکشن کمیشن کے اس مؤقف کو آئین و قانون کے منافی قرار دیتے ہوئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حمایت اللہ مایار نے مزید کہا کہ ملک میں مارشل لا کے نفاذ اور آئین کی معطلی کے دوران بھی بلدیاتی انتخابات منعقد ہوتے رہے ہیں۔ ایوب خان کے دور سے لے کر جنرل ضیا الحق اور جنرل پرویز مشرف کے ادوار میں بھی بلدیاتی انتخابات ہوئے۔