لاہور دنیا کا آلودہ ترین بڑا شہر قرار، ملتان میں اے کیو آئی 719 تک پہنچ گیا

شہریوں کو آنکھوں میں جلن، خارش، کھانسی، گلے کی خرابی اور سانس لینے میں مشکلات کا سامنا

November 6, 2026 · ماحولیاتی تغیر
لاہور دنیا کا آلودہ ترین بڑا شہر قرار، ملتان میں اے کیو آئی 719 تک پہنچ گیا

لاہور دنیا کا آلودہ ترین بڑا شہر قرار، ملتان میں اے کیو آئی 719 تک پہنچ گیا

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید تشویشناک ہوگئی ہے۔ عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے اعدادوشمار کے مطابق لاہور 373 ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا، جبکہ ملتان میں آلودگی کی سطح 719 ریکارڈ کی گئی۔

فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث شہریوں کو آنکھوں میں جلن، خارش، کھانسی، گلے کی خرابی اور سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق آلودہ فضا مختلف بیماریوں کے خطرات میں اضافہ کرسکتی ہے۔

آئی کیو ایئر کی عالمی فہرست میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 244 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے جبکہ کولکتہ 235 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب کے کئی علاقوں میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے۔ ملتان میں اے کیو آئی 719، کاہنہ نو میں 655، سی ای آر پی آفس میں 611، برکی روڈ پیراگون میں 609، علامہ اقبال ٹاؤن میں 583 اور رائیونڈ میں 511 ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور کے مختلف مقامات پر بھی آلودگی کی سطح انتہائی بلند رہی۔ کاہنہ نو، ملتان روڈ اور سفاری پارک میں اے کیو آئی 500 تک پہنچ گیا، جبکہ گلبرگ تھری میں 483، برکی روڈ پر 482، اے آر سی لاہور میں 456 اور ماڈل ٹاؤن اے بلاک میں 447 ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب پنجاب ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور میں صبح 7 بجے آلودگی کی سطح 430 ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ روز کے مقابلے میں 70 پوائنٹس زیادہ تھی۔ صوبائی فہرست میں قصور 462 اے کیو آئی کے ساتھ پہلے اور لاہور 430 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔

اعدادوشمار کے مطابق وہاڑی میں 378، پاکپتن میں 374، راجن پور میں 366، جھنگ میں 346 اور مظفرگڑھ میں 340 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح پنجاب یونیورسٹی کے علاقے میں 439 جبکہ ڈی ایچ اے فیز 6 اور جی ٹی روڈ پر آلودگی کی سطح 404 رہی۔

فضائی آلودگی میں مسلسل اضافے کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں شہریوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔