ایران نے جوہری تنازع پر اپنی تجاویز قطر کے ذریعے امریکا کو بھجوا دیں

ان تجاویز پر بات چیت کے لیے تہران کی جانب سے پیش کی گئی سات شرائط پوری کرنا ضروری ہوگا۔

November 6, 2026 · بام دنیا
ایران نے جوہری تنازع پر اپنی تجاویز قطر کے ذریعے امریکا کو بھجوا دیں

ایران نے جوہری تنازع پر اپنی تجاویز قطر کے ذریعے امریکا کو بھجوا دیں

ایران نے جوہری تنازع کے حل اور امریکا کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کے لیے اپنی تجاویز قطر کے توسط سے واشنگٹن کو ارسال کردی ہیں۔ ایرانی عہدیدار کے مطابق ان تجاویز پر بات چیت کے لیے تہران کی جانب سے پیش کی گئی سات شرائط پوری کرنا ضروری ہوگا۔

ایرانی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکا اس وقت ان تجاویز کا جائزہ لے رہا ہے۔ ایران نے اپنے مطالبات میں امریکی پابندیاں ختم کرنے، بیرون ملک منجمد ایرانی اثاثے بحال کرنے اور جنگی نقصانات کا ہرجانہ ادا کرنے کی شرائط بھی شامل کی ہیں۔

دوسری جانب امریکی حکام کا مؤقف ہے کہ ابتدائی مذاکرات میں جوہری پروگرام سے متعلق معاملات کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔

رپورٹ کے مطابق قطر نے گزشتہ ہفتے ایران کے ساتھ سفارتی رابطوں میں تیزی لاتے ہوئے تہران میں مذاکرات کے دو ادوار میں شرکت کی، جبکہ بات چیت کا تیسرا دور دوحہ میں منعقد ہوا۔

اس کے علاوہ قطری حکام نے حالیہ دنوں میں آرمینیا میں بھی ایرانی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں، جنہیں دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی رابطوں کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔