عباسی شہید اسپتال میں نئے بلاک کی او پی ڈی فعال، میئر کراچی نے افتتاح کر دیا

سٹی کونسل کے اراکین، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

November 6, 2026 · قومی
OPD in the new block at Abbasi Shaheed Hospital becomes operational; Mayor of Karachi inaugurates it.

OPD in the new block at Abbasi Shaheed Hospital becomes operational; Mayor of Karachi inaugurates it.

کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عباسی شہید اسپتال میں نئے تعمیر ہونے والے بلاک کی او پی ڈی کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سٹی کونسل کے اراکین، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں طبی سہولیات بہتر بنانے کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ نئے بلاک کی او پی ڈی فعال ہونے سے مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں صحت کی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور شہریوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے بلاک میں خصوصی بچوں کے لیے بھی علیحدہ انتظام کیا جائے گا، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کے تعاون سے اسپتال میں خصوصی بچوں کے لیے الگ بلاک تعمیر کیا جائے گا۔

میئر کراچی نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل کا وعدہ بلاول بھٹو نے کیا تھا، جسے پورا کیا جا رہا ہے۔ ادویات کی فراہمی کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ اگر عام مریض کو اسپتال سے ادویات نہیں ملتیں تو پروکیورمنٹ کا کوئی فائدہ نہیں۔ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ ادویات کی فراہمی کا مؤثر نظام قائم ہونے تک نئی پروکیورمنٹ نہیں کی جائے گی۔

ایک مبینہ معاملے کی انکوائری سے متعلق مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ اس کی نشاندہی سب سے پہلے میڈیا نے کی، جس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا گیا اور اہم شواہد حاصل کیے گئے۔ ان کے مطابق گریڈ 18 کے سول افسر حنان بھٹو معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ رپورٹ مکمل ہونے کے بعد اس کی تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر انکوائری میں ان کی اپنی شمولیت بھی ثابت ہوئی تو ان کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔ ابتدائی طور پر سامنے آنے والی ذمہ داری کے تحت ان کے حکم پر ایک شخص کو معطل کیا گیا ہے، جبکہ رپورٹ آنے کے بعد ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت اور میڈیکل کے شعبے میں مزید انکوائریز بھی جاری ہیں۔

سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال سے متعلق سوال پر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وہ ان کے لیے قابل احترام ہیں اور الزامات کی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ انکوائری کے خوف سے فیصلے نہ کیے جائیں تو ترقیاتی کام رک جاتے ہیں، جبکہ کام کرنے والوں کو تحقیقات کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

اختیارات اور وسائل کی کمی کے سابقہ مؤقف پر بات کرتے ہوئے میئر کراچی نے سوال اٹھایا کہ اب وسائل کہاں سے آ رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز اکاؤنٹس میں رکھے گئے، جبکہ گیس کٹنگ کی مد میں ملنے والی اربوں روپے کی رقم بھی اکاؤنٹس میں موجود رہی۔ بعض اکاؤنٹس میں رقم منافع بخش سرٹیفکیٹس میں بھی رکھی گئی، جس کی جانچ ہونی چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمٰن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وہ پینٹ شرٹ میں اچھے لگ رہے تھے۔