حافظ نعیم کو 9 ٹاؤنز میں تبدیلی لانے سے کس نے روکا؟ سعدیہ جاوید

جماعت اسلامی کی جانب سے ناکامی کا ملبہ میئر کراچی پر ڈالنا سیاسی فرار ہے،ترجمان سندھ حکومت

November 6, 2026 · قومی

حافظ نعیم کو 9 ٹاؤنز میں تبدیلی لانے سے کس نے روکا ہے؟ ترجمان سندھ حکومت

کراچی: ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے اپنے ٹاؤنز میں ناکامی کا ملبہ میئر کراچی پر ڈالنا سیاسی فرار کے سوا کچھ نہیں۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سعدیہ جاوید نے کہا کہ حافظ نعیم صاحب! ضلع وسطی کے 9 ٹاؤنز آپ کے پاس ہیں، آپ کو تبدیلی لانے سے کس نے روکا ہے؟

جمہوری عمل کے ذریعے منتخب میئر کو جعلی قرار دینے والے پہلے اپنی صفوں میں جمہوریت تلاش کریں۔

سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ ماضی کی تاریخ دہرانے کے بجائے حافظ نعیم الرحمان اپنے ٹاؤن چیئرمینز کی حالیہ کارکردگی پر بات کریں۔ سرکاری اسکولوں کی فکر چھوڑیں اور جماعت اسلامی کے زیرانتظام ٹاؤنز میں کچرا اٹھانے اور سڑکوں کی صورتحال کا جائزہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت فنڈز فراہم کر رہی ہے، لیکن جماعت اسلامی کے نمائندوں کے پاس کام کرنے کی اہلیت ہی نہیں۔ الزام تراشی کی سیاست سے ووٹ نہیں ملتے، عوام اب کھوکھلے بیانات کے بجائے عملی کام دیکھتے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے نظام پر تنقید کرنے والے خود اسی نظام کے تحت ٹاؤن چیئرمین بن کر بیٹھے ہیں۔ کراچی کا اصل مسئلہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ جماعت اسلامی کی قیادت کی بے حسی ہے۔

سعدیہ جاوید نے جماعت اسلامی سے مطالبہ کیا کہ مخالفت برائے مخالفت ختم کی جائے اور شہر کی خدمت کے لیے میئر کراچی کا ساتھ دیا جائے۔