خیبرپختونخوا حکومت نے سیاسی اور غیر مجاز افراد سے 42 سرکاری گاڑیاں برآمد کرلیں
محکمہ مواصلات و تعمیرات کی مزید 15 گاڑیاں غائب، اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی تحقیقات جاری
خیبرپختونخوا حکومت نے سیاسی اور غیر مجاز افراد سے 42 سرکاری گاڑیاں برآمد کرلیں
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سیاسی اور غیر مجاز افراد کے قبضے سے محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس (سی اینڈ ڈبلیو) کی 42 سرکاری گاڑیاں برآمد کر لی ہیں، جبکہ مزید 15 گاڑیوں کا سراغ لگانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق محکمہ مواصلات و تعمیرات کی 15 گاڑیاں تاحال غائب ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں سے ایک گاڑی اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران پکڑی تھی۔
سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ محکمہ آبپاشی اور محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس کے 250 ارب روپے مالیت کے تین بڑے منصوبوں کی بھی جانچ پڑتال جاری ہے، جبکہ قومی احتساب بیورو (نیب) 155 ارب روپے مالیت کے مزید دو منصوبوں کی تحقیقات کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس کے تمام ٹینڈرز بھی روک دیے گئے ہیں۔