عراق کا امریکا کو ایران پر حملوں کے لیے اپنی سرزمین دینے سے انکار

وزیراعظم علی الزیدی کا ٹرمپ کو پیغام، ایرانی حملوں کا دائرہ یورپ تک بڑھانے کی دھمکی

November 6, 2026 · بام دنیا

عراق نے امریکا کو ایران پر حملوں کے لیے اپنی سرزمین دینے سے انکار کر دیا

عراق نے امریکا کو ایران پر حملوں کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔

عراقی وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم علی الزیدی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ممالک پر حملوں کے لیے عراقی سرزمین کو بطور فوجی اڈہ استعمال نہ کیا جائے۔

عراقی وزیر خارجہ نے بھی واضح کیا کہ عراق جنگ کے لیے تیار نہیں اور ایران پر حملے عراق کے لیے تباہی کا باعث بن سکتے ہیں۔

دوسری جانب اس سے قبل ایران نے نئے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے جواب میں اپنے حملوں کا دائرہ کار یورپ تک بڑھانے کی دھمکی دی تھی۔

ایرانی رکن پارلیمنٹ حسین علی حاجی دلیگانی نے کہا کہ اگر نئے حملے کیے گئے تو ایران ایسے میزائل استعمال کرسکتا ہے جن کی مار یورپ تک ہے۔

سابق ایرانی وزیر خارجہ علی اکبر ولایتی نے کہا کہ دنیا کو سمجھنا ہوگا کہ ایران خطے کا ایک اہم ملک ہے اور اسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک کو اجتماعی سلامتی یا اجتماعی عدم تحفظ میں سے ایک راستہ منتخب کرنا ہوگا۔ موجودہ عالمی حالات نے واضح کردیا ہے کہ علاقائی سلامتی کا معاملہ انفرادی نہیں، سلامتی یا تو سب کی ہوگی یا کسی کی نہیں ہوگی۔